التغابن
The Mutual Disillusion • 18 ayahs • Medinan
بِسْمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحْمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ
1(تمام چیزیں) جو آسمانوں اور زمین میں ہیں اللہ کی پاکی بیان کرتی ہیں[1] اسی کی سلطنت ہے اور اسی کی تعریف ہے[2]، اور وه ہر چیز پر قادر ہے.
2اسی نے تمہیں پیدا کیا ہے سو تم میں سے بعضے تو کافر ہیں اور بعض ایمان والے ہیں، اور جو کچھ تم کر رہے ہو اللہ تعالیٰ خوب دیکھ رہا ہے.[1]
3اسی نے آسمانوں کو اور زمین کو عدل وحکمت سے پیدا کیا[1] ، اسی نے تمہاری صورتیں بنائیں[2] اور بہت اچھی بنائیں اور اسی کی طرف لوٹنا ہے.[3]
4وه آسمان وزمین کی ہر ہر چیز کا علم رکھتا ہے اور جو کچھ تم چھپاؤ اور جو ﻇاہر کرو وه (سب کو) جانتا ہے۔ اللہ تو سینوں کی باتوں تک کو جاننے واﻻ ہے.[1]
5کیا تمہارے پاس اس سے پہلے کے کافروں کی خبر نہیں پہنچی؟ جنہوں نے اپنے اعمال کا وبال چکھ لیا[1] اور جن کے لیے دردناک عذاب ہے.[2]
6یہ اس لیے[1] کہ ان کے پاس ان کے رسول واضح دﻻئل لے کر آئے تو انہوں نے کہہ دیا کہ کیا انسان ہماری رہنمائی کرے گا[2]؟ پس انکار کر دیا[3] اور منھ پھیر[4] لیا اور اللہ نے بھی بےنیازی کی[5]، اور اللہ تو ہے ہی بہت بےنیاز[6] سب خوبیوں واﻻ.[7]
7ان کافروں نے خیال کیا ہے کہ دوباره زنده نہ کیے جائیں گے[1] ۔ آپ کہہ دیجئے کہ کیوں نہیں اللہ کی قسم! تم ضرور دوباره اٹھائے جاؤ گے[2] پھر جو تم نے کیا ہے اس کی خبر دیئے جاؤ گے[3] اور اللہ پر یہ بالکل ہی آسان ہے.[4]
8سو تم اللہ پر اور اس کے رسول پر[1] اور اس نور پر جسے ہم نے نازل فرمایا ہے ایمان ﻻؤ[2] اور اللہ تعالیٰ تمہارے ہر عمل پر باخبر ہے.
9جس دن تم سب کو اس جمع ہونے کے دن[1] جمع کرے گا وہی دن ہے ہار جیت کا[2] اور جو شخص اللہ پر ایمان ﻻکر نیک عمل کرے اللہ اس سے اس کی برائیاں دور کر دے گا اور اسے جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں جن میں وه ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ یہی بہت بڑی کامیابی ہے.
10اور جن لوگوں نے کفر کیا اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا وہی (سب) جہنمی ہیں (جو) جہنم میں ہمیشہ رہیں گے، وه بہت برا ٹھکانا ہے.
11کوئی مصیبت اللہ کی اجازت کے بغیر نہیں پہنچ سکتی[1] ، جو اللہ پر ایمان ﻻئے اللہ اس کے دل کو ہدایت دیتا ہے[2] اور اللہ ہر چیز کو خوب جاننے واﻻ ہے.
12(لوگو) اللہ کا کہنا مانو اور رسول کا کہنا مانو۔ پس اگر تم اعراض کرو تو ہمارے رسول کے ذمہ صرف صاف صاف پہنچا دینا ہے.[1]
13اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور مومنوں کو اللہ ہی پر توکل رکھنا چاہئے.[1]
14اے ایمان والو! تمہاری بعض بیویاں اور بعض بچے تمہارے دشمن ہیں[1] پس ان سے ہوشیار رہنا[2] اور اگر تم معاف کر دو اور درگزر کر جاؤ اور بخش دو تو اللہ تعالیٰ بخشنے واﻻ مہربان ہے.[3]
15تمہارے مال اور اوﻻد تو سراسر تمہاری آزمائش ہیں[1] ۔ اور بہت بڑا اجر اللہ کے پاس ہے.[2]
16پس جہاں تک تم سے ہوسکے اللہ سے ڈرتے رہو اور سنتے اور مانتے چلے جاؤ[1] اور اللہ کی راه میں خیرات کرتے رہو جو تمہارے لیے بہتر ہے[2] اور جو شخص اپنے نفس کی حرص سے محفوظ رکھا جائے وہی کامیاب ہے.
17اگر تم اللہ کو اچھا قرض دو گے (یعنی اس کی راه میں خرچ کرو گے[1] ) تو وه اسے تمہارے لیے بڑھاتا جائے گا اور تمہارے گناه بھی معاف فرما دے گا[2]۔ اللہ بڑا قدر دان بڑا بردبار ہے.[3]
18وه پوشیده اور ﻇاہر کا جاننے واﻻ ہے زبردست حکمت واﻻ (ہے).